ممبئی۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے بی جے پی قائد امیت شاہ کے خلاف تلسی رام پرجا پتی نقلی انکاؤنٹر مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کی سماعت ملتوی کردی جبکہ مقدمہ خارج کرنے کی درخواست امکان ہے کہ 25 جون کو سماعت کے لئے پیش کی جائے گی۔ قبل ازیں 20 جون کو مقدمہ کی باقاعدہ سماعت ہوگی۔ امیت شاہ امکان ہے کہ مقدمہ کی اس پیشی میں شخصی طور پر حاضر ِ عدالت ہوں گے۔ عدالت نے 9 مئی کو امیت شاہ کو سمن جاری کئے تھے جو بی جے پی کے ایک جنرل سکریٹری ہیں اور گجرات کے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ تھے۔ مقدمہ کے دیگر ملزمین کا مقدمہ سماعت کیلئے گجرات منتقل کردیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے امیت شاہ اور دیگر 18 افراد بشمول کئی پولیس عہدیداروں پر گجرات ستمبر میں اس مقدمہ کے سلسلے میں فردِ جرم عائد کیا تھا۔ سی بی آئی کے بموجب گیانگسٹر سہراب الدین شیخ جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی لشکر طیبہ سے اس کے تعلق ہیں۔ اس کی بیوی کوثر بی کو گجرات کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ نے اغوا کرلیا تھا، جبکہ وہ حیدرآباد سے مہاراشٹرا کے شہر سانگلی جارہے تھے اور مبینہ طور پر نومبر 2008ء میں گاندھی نگر کے قریب ایک فرضی انکاؤنٹر میں انہیں ہلاک کردیا گیا تھا۔ انکاؤنٹر کے عینی شاہد تلسی رام پرجا پتی کو پولیس نے چاپری دیہات ضلع بناس کنٹھا ریاست گجرات میں ڈسمبر 2006ء میں ایک فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا۔ امیت شاہ اُس وقت ریاستی وزیر داخلہ تھے اور مبینہ طور پر دونوں فرضی انکاؤنٹرس کی سازش میں ملوث تھے۔