نئی دہلی۔14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کئی برس سے میدان میں کرکٹ کی سیاست کا سامنا کرنے والے ہندوستانی فاسٹ بولر پراوین کمار نے ’’حقیقی ‘‘سیاست سے وابستگی کا فیصلہ کرتے ہوئے ریاست اترپردیش کی حکمران جماعت سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ میرٹھ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ فاسٹ بولر نے لکھنئو میں چیف منسٹراکھلیش یادو کی موجودگی میں اس بات کا اعلان کیا۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ کے گزشتہ سیزن کے دوران گجرات لائنز کی نمائندگی کر رہے تھے۔ انہوں نے چھ ٹسٹ میں27 وکٹیں حاصل جبکہ 68 ونڈے میں 77 اور 10 ٹوئنٹی 20میچز میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
کربر نئے چیلنجز کے لئے مکمل تیار
نیویارک۔14ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)جرمنی کی ٹینس اسٹار اینجلیک کربر پہلا مقام حاصل کرنے کے بعد مقابلوں میں نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ یو ایس اوپن خطاب اپنے نام کر نے سے وہ چین کی سابق کھلاڑی لی نا کے بعد دوسری ایسی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں جنہوں نے اپنی28ویں سالگرہ کے بعد ابتدائی دو گرانڈ سلام خطابات حاصل کئے ہوں۔ انہوں نے جنوری میں آسٹریلین اوپن اپنے نام کیا تھا۔ کربر نے کہا ہے کہ ہمیشہ سے نمبرون کھلاڑی بننے کی خواہش مند تھی اور وہ اب کوئی اٹھارہ سالہ لڑکی نہیں ہیں لہٰذا اپنے کھیل کو بہتر کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں۔