پرانے شہر کے دو عادی رہزنوں پر پی ڈی ایکٹ

حیدرآباد 17 فبروری (سیاست نیوز)حیدرآباد سٹی پولیس دونوں شہروں میں جرائم شدہ افراد کی سرگرمیوں کو کچلنے کیلئے پی ڈی ایکٹ جیسے سخت قانون کا استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ساوتھ زون پولیس نے آج پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے دو عادی رہزنوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 46 سالہ سنتو کلکرنی اور مدیگنڈہ بھاسکر جو عادی رہزن ہے اور حیدرآباد و سائبر آباد میں کئی طلائی چین کی رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ مذکورہ عادی رہزن اکثر خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے منگل سوتر اور طلائی چین اڑا لیا کرتے تھے۔ جرائم پیشہ سرگرمیوں سے باز نہ آتے ہوئے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد دوبارہ رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہورہے تھے جس کی بناء پر کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی نے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ واضح رہے کہ دونوں شہروں میں اب تک 50 جرائم شدہ افراد جن میں روڈی شیٹرس‘عادی رہزن‘ خانگی فینانسر اور دیگر شامل ہیں کو پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیجا جاچکا ہے۔