پرانہیتا چیوڑلہ کو قومی پراجکٹ قرار دینے کا مطالبہ

نظام آباد رکن پارلیمان کے کویتا کی مرکزی وزیر اوما بھارتی سے ملاقات
نظام آباد :25 ؍ مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن پارلیمنٹ کے کویتا مرکزی وزیر آبپاشی اوما بھارتی سے ملاقات کے دوران پرانہیتا چیوڑلہ پراجیکٹ کو قومی پراجیکٹ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسی کے مطابق ہر ریاست کو ایک قومی پراجیکٹ منظور کرنا ناگزیر ہے اور نئی قائم شدہ تلنگانہ ریاست کے آبپاشی پراجیکٹ پرانہیتا چیوڑلہ کو قومی پراجیکٹ قرار دینے کی صورت میں آبپاشی کو فروغ ہونے کے علاوہ زرعی شعبہ کو زبردست فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مرکزی وزیر اوبا بھارتی سے ملاقات کے دوران ریاست کے مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ مشن کاکتیہ کے بارے میں بھی واقف کراتے ہوئے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ اس اسکیم کو عوام کی زبردست تائید حاصل ہورہی ہے اور تالابوں کے کشادگی کے کام میں عوام رضاکارانہ طور پر شرکت کرتے ہوئے اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ لہذا مشن کاکتیہ کے کاموں کا جائزہ لینے کیلئے تلنگانہ کا دورہ کرنے کی اوما بھارتی سے خواہش کی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے عمل کئے جانے والے ٹریپل آر (ریپر رینویشن ریسٹوریشن)اسکیم کو تلنگانہ میں بھی عمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے اوما بھارتی سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے پرانہیتا چیوڑلہ پراجیکٹ کو قومی پراجیکٹ قرار دینے میں تاخیر کررہی ہے جبکہ کئی تنازعوں کا شکار پولارام پراجیکٹ کو قومی پراجیکٹ قرار دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو ماہ ڈسمبر میں دہلی کے دورہ کے موقع پر حکومت سے پرانہیتا چیوڑلہ پراجیکٹ پر تفصیلی طورپر بات چیت کی تھی اور قومی پراجیکٹ قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ این ڈی اے حکومت کی پالیسی کے مطابق ہر ریاست میں ایک قومی پراجیکٹ کی منظوری ناگزیر ہے لہذا پرانہیتا چیوڑلہ کو قومی پراجیکٹ قرار دینے کی خواہش کی جس پر اوما بھارتی نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجیکٹ کو قومی پراجیکٹ قرار دینے کیلئے مرکزی حکومت سنجیدہ اقدامات کرنے اور ریاست کو ہر طرح کی مدد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔