پرانائے قتل کیس میں بشمول کریم، اصغر اور باری 6 گرفتار

حیدرآباد۔/19ستمبر، ( پی ٹی آئی) ضلع نلگنڈہ میں خاندانی عزت کے نام پر ایک دلت عیسائی کی مبینہ ہلاکت کے ضمن میں سات کے منجملہ چھ ملزمین کو گرفتارکرلیا گیا ۔ بعد ازاںایک عدالت نے انہیں قانونی تحویل میں دے دیا۔ اس دوران مقتول کی بہن اور اس (مقتول) کے خسر نے تیز رفتار مقدمہ چلانے اور تمام گرفتار شدگان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔ ان سات افراد میں دو ملزمین وہ بھی ہیں جو گجرات کے سابق وزیر داخلہ ہرین پانڈیا کے قتل کے مقدمہ میں منسوبہ الزامات سے بری ہوئے ہیں۔ انہیں 23 سالہ پرانائے کی ہلاکت کے ضمن میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پرانائے نے جو دلت عیسائی ہے ایک اعلیٰ ذات کی ہندو لڑکی امروتا ورشنی سے شادی کی تھی۔ امروتا نے اپنے والد پر ہی داماد کو ہلاک کروانے کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ گجرات کے سابق وزیر ہرین پانڈیا کے قتل مقدمہ میں منسوبہ الزامات سے بری دو ملزمین اصغر علی اور عبدالباری نے پرانائے کے قتل کے لئے بہار کے سبھاش شرما کو کرایہ کے قاتل کے طور پر استعمال کیا تھا۔