پراعتماد ہندوستان کا آج افریقہ سے مقابلہ

کیپ ٹاؤن ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برصغیر میں ناقابل تسخیر رہنے کا ایک شاندار ریکارڈ لئے جنوبی افریقہ پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم کل یہاں میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ میں بہتر مظاہرے کے عزائم کے ساتھ میدان میں اترے گی اور بیرونی ممالک 12 ٹسٹ مقابلوں میں یہ پہلا میچ ہوگا کیونکہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین مقابلوں کے بعد وہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کا دورہ بھی کرے گی۔ 2018-19ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹسٹ کے بعد ہندوستان کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کا چیلنج بھی درپیش رہے گا۔ ویراٹ کوہلی کی ٹیم کیلئے یہ سیزن خود کو ثابت کرنے کا ایک سنہری موقع ہونے کے علاوہ سحت ترین چیلنج بھی ہے، کیونکہ ٹیم کو یہ ثابت کرنا ہیکہ وہ بہترین مہمان ٹیم ہیں جوکہ میزبان کو شکست دے سکتی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں ہندوستان پہلے اور جنوبی افریقہ دوسرے مقام پر ہے لیکن کل شروع ہونے والی سیریز میں وائیٹ واش کے بعد ہندوستان کو اپنا پہلا مقام گنوانا پڑ سکتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم جو کہ اپنے طاقتور بیٹنگ شعبہ پر انحصار کرے گی لیکن یہاں کامیابی کیلئے مہمان فاسٹ بولروں کو بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا۔ دوسری جانب افریقی ٹیم اپنے فاسٹ بولنگ شعبہ کے ذریعہ ہندوستان کو قابو میں کرسکتی ہے۔ کل کی سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم 9 سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے جس میں 6 سیریز اپنے گھریلو میدانوں میں جیتی ہے جبکہ دو سری لنکا اور ایک ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی اور ان بیرونی ممالک میں بھی ٹیم کیلئے سازگار حالات تھے۔ 1992ء سے ہندوستانی ٹیم 17 مقابلوں میں صرف دو مرتبہ میزبان جنوبی افریقہ کو شکست دے پائی ہے۔ 2006-07ء میں راہول ڈراویڈ کی اور 2010-11ء میں مہیندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ہندوستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ 2013-14ء کے سیزن میں دو سیریز کھیلی گئی تھی جس میں پہلی سیریز برابری پر ختم ہوئی جبکہ دوسری سیریز میں ہندوستان کو قریبی شکست برداشت کرنی پڑی۔ 2013-14ء کی ٹیم کے 13 کھلاڑی اس مرتبہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں اور انہیں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ جہاں تک میدان کا تعلق ہے یہاں ہندوستان کو چار مقابلوں میں ایک مرتبہ بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی جبکہ دو مرتبہ اسے ناکامی برداشت کرنی پڑی۔