پدما ایوارڈز کیلئے رجنی کانت ‘ رام دیو کا نام تجویز کیا گیا تھا

نئی دہلی 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سوپر اسٹار رجنی کانت ‘ یوگا ٹیچر رام دیو ‘ بی جے پی لیڈر و فلم اداکار شتروگھن سنہا ان 1,793 افراد میں شامل ہیں جن کے نام کی اس سال پدما ایوارڈز کیلئے سفارش کی گئی تھی لیکن انہیں نظر انداز کردیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ ہندو مذہبی شخصیت امرتا نندا مائی ‘ سابق امریکی سفیر برائے ہند رابرٹ بلیک ول ‘ فلم اداکار اجئے دیوگن ‘ معروف پلے بیک سنگر ادت نارائن ‘ صنعتکار برج موہن لال منجل کے نام بھی پدما ایوارڈز سلیکشن کمیٹی سے رجوع کئے گئے تھے تاہم انہیں منتخب نہیں کیا گیا ۔ رجنی کانت کو 2000 میں پدما بھوشن دیا گیا تھا اور ان کا نام دوسرے اعلی ترین سیولین ایوارڈ پدما وبھوشن کیلئے اس بار پیش کیا گیا تھا ۔ میگا اسٹار امیتابھ بچن کو اس سال پدما وبھوشن سے سرفراز کیا گیا ۔ ملیام فلم اسٹار موہن لال‘ بی جے پی لیڈر جموں و کشمیر درخشان اندرابی ‘ فیشن ڈیزائنر ریتو بیری ‘ اتھیلیٹ انجو بابی جارج ‘ بیوٹیشن شہناز حسین ‘ فلم ساز روہت شٹی ‘ اپولو ہاسپٹلس کے ایم ڈی پریتا ریڈی اور فلم ڈائرکٹر مدھو بھنڈارکر کے نام بھی پدما ایوارڈز کیلئے غور کرنے پیش کئے گئے تھے ۔ ناموں کے اعلان سے قبل ہی رام دیو نے اعلان کیا تھا کہ وہ یہ اعزاز قبول نہیں کرینگے ۔ جاریہ سال پدما ایوارڈ سلیکشن کمیٹی نے پدما ایوارڈز کیلئے 104 افراد کا انتخاب کیا تھا ۔ ان میں ایل کے اڈوانی ‘ پرکاش سنگھ بادل ‘ امیتابھ بچن اور دلیپ کمار بھی شامل ہیں ۔