نئی دہلی۔27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) زبردست فارم میں چل رہے اوپنر مینک اگروال (90) کی ایک اور بہترین اننگز اور آف اسپنر کرشپا گوتم 27 رنز کے عوض تین وکٹ کی بہترین کارکردگی سے کرناٹک نے سوراشٹر کو یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں 41 رن سے شکست دے کر تیسری مرتبہ وجے ہزارے ٹرافی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔کرناٹک نے45.5 اوور میں253 رنز کا مشکل اسکور بنایا۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سوراشٹر نے اپنے آٹھ وکٹ صرف135 رن تک گنوا دیے لیکن ہندوستانی ٹسٹ بیٹسمین اور کپتان چتیشور پجارا نے94 رنز کی اننگز کھیل کر سوراشٹر کی توقعات کو برقرار رکھا۔پجارا جب اپنی سنچری سے چھ رن دور تھے تو وہ حریف کپتان کر ونا نائر کے تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے ۔ پجارا کے آؤٹ ہوتے ہی سوراشٹر کی امیدیں ٹوٹ گئی اور ٹیم 46.3 اوور میں 212 رنز پر محدود ہو گئی۔کرناٹک نے اس طرح تیسری مرتبہ وجے ہزارے ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔کرناٹک نے اس سے پہلے 2013-14 اور 2014-15 میں ٹرافی جیتی تھی۔سوراشٹر کا اس شکست کے بعد ۔ 2007-08کے بعد پہلی مرتبہ یہ ٹرافی جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا۔سوراشٹر کو اپنے کپتان پجارا سے خاصی امیدیں تھی لیکن ٹیم کو ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر کی ناکامی کافی بھاری پڑ گئی۔سوراشٹر نے دو وکٹ پر 77 رن کی خوشگوار صورتحال سے اپنے اگلے چار وکٹ صرف 24 رن جوڑ کر گنوا دیے ۔سوراشٹر ایک جھٹکے میں چھ وکٹ پر 101 رنز کی نازک موقف میں پہنچ گیا۔سوراشٹر نے اپنا ساتواں وکٹ 134 اور آٹھواں وکٹ 135 رن پر گنوایا۔پجارا نے یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے 127 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 94 رنز بنائے ۔پجارا نے 10 ویں نمبر کے بیٹسمین کملیش مکوانا (ناٹ آؤٹ 20) کے ساتھ نویں وکٹ کے لئے 65 رن رن کی ساجھے داری کی اورایسا لگ رہا تھا کہ پجارا میچ کو آخری اوور تک لے جائیں گے کہ تبھی وہ نائر کے ذریعے رن آؤٹ کر دیے گئے ۔پجارا کا وکٹ ٹیم کے 200 کے اسکور پر گرا اور 212 رن پر اس کی پوری اننگز سمٹ گئی۔اوپنر او بروٹ نے 30، دیپک جانی نے 22 اور مکوانا نے ناٹ آؤٹ 20 رنز بنائے ۔اسٹار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ15 رنز ہی بنا سکے ۔فاسٹ بولر پرسدھ کرشنا نے ٹاپ تین میں دو وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے37 رنز پر تین وکٹ لئے ۔