پجارا ونڈے ٹیم میں شامل ، رائنا اور ایشانت خارج

بنگلور ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) فاسٹ بولر ایشانت شرما کو آج محدود اوورس کی ٹیم سے خارج کردیا گیا ہے جبکہ ناقص فام کا شکار سریش رائنا کو ایشیاء کپ کیلئے قومی ٹیم میں جگہ نہیں مل پائی ہے۔ تاہم بنگلہ دیش میں منعقد شدنی دوسرے بڑے ایونٹ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے انہیں ٹیم میں شامل رکھا گیا ہے۔ دلچسپ شمولیت ٹسٹ کے ماہر تصور کئے جانے والے بیٹسمین چیٹیشور پجارا کو ایشیاء کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ایشیاء کپ بنگلہ دیش میں 25 فبروری تا 8 مارچ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ دریں اثناء آل راؤنڈر یوراج سنگھ کو سلیکٹروں نے ونڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔ تاہم 16 مارچ تا 6 اپریل کھیلے جانے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے وہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ سلیکشن کمیٹی کے یہاں اجلاس کے بعد بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجیو پاٹل نے جس ٹیم کا اعلان کیا ہے، اس میں ابھرتے فاسٹ بولر ایشور پانڈے، آل راؤنڈر اسٹیورٹ بنی اور فاسٹ بولر ورون آرون ونڈے ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ایرانی ٹرافی میں ریسٹ آف انڈیا ٹیم کی قیادت کررہے ہربھجن سنگھ اور سابق اوپنر گوتم گمبھیر کے ہمراہ سینئر بیٹسمین ویریندر سہواگ ونڈے ٹیم میں سلیکٹروں کا اعتماد حاصل نہیں کرپائے ہیں۔ ٹیم میں سب سے بڑا اخراج ایشانت شرما کا رہا جوکہ محدود اوورس کی کرکٹ میں بہتر مظاہرہ کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم سے خارج کردیا گیا ہے۔

رائنا کا اخراج بھی متوقع تھا کیونکہ وہ گذشتہ ایک عرصہ سے ناقص فام کا شکار ہے۔ نیز انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے دوران ہی قطعی 11 کھلاڑیوں سے خارج کردیا گیا ہے۔ رائنا کے ناقص فام کے باعث پجارا کو ونڈے ٹیم میں شامل کئے جانے کی راہ آسان ہوئی ہے کیونکہ پجارا کی تکنیک اور ان کی صلاحیت نیوزی لینڈ کے خلاف منعقدہ ونڈے سیریز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ سلیکٹروں نے آف اسپنر روی چندرن اشون پر پھر ایک مرتبہ اعتماد کا اظہار کیا ہے حالانکہ وہ بیرونی دوروں پر انتہائی ناکام بولر ثابت ہوئے ہیں اس کے باوجود انہیں ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم میں نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے۔ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار، محمد سمیع اور ورون آرون کو بہت زیادہ بین الاقوامی مقابلوں کا تجربہ حاصل ہے جبکہ لیگ اسپنر امیت مشرا کو ونڈے اور ٹوئنٹی 20 دونوں ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کپتان مہیندر سنگھ دھونی دونوں ٹیموں کے واحد وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں کیونکہ ضرورت پڑنے پر امباٹی رائیڈو بھی کیپنگ کی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں۔ سلیکٹروں نے شکھر دھون اور روہت شرما پر مشتمل اوپننگ جوڑی کو بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ دونوں کھلاڑی ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں ٹیم کی اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ ویراٹ کوہلی، اجنکیا راہنے، رائنا اور یوراج سنگھ ٹوئنٹی 20 ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین رہیں گے اور امید کی جارہی ہیکہ ایشیاء کپ میں پجارا ونڈے ٹیم کیلئے مڈل آرڈر کو مستحکم کریں گے۔