پجارا اور کوہلی کی ٹسٹ درجہ بندی میں کوئی تبدیلی نہیں

 

سنچری کے ساتھ وارنرکی ٹاپ 10میں واپسی
بولروں میں جڈیجہ بدستور پہلے مقام پر فائز

دبئی۔31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی نے بنگلہ دیش اورآسٹریلیا جبکہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹسٹ مقابلوں کے نتائج کے بعد نئی درجہ بندی جاری کردی ہے۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں ابتدائی 5 مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اسٹیو اسمتھ بدستور سرفہرست ہیں۔ جیو روٹ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے ، چتیشور پجارا چوتھے جبکہ ویراٹ کوہلی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ ڈیوڈ وارنر کی بنگلہ دیش کے خلاف شاندار سنچری کے بعد سرفہرست 10بیٹسمینوں میں واپسی ہوئی ہے، آسٹریلیائی اوپنر 5 درجے ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے اوپنر اظہر علی بدستور 7ویں نمبر پر موجود ہیں۔ الیسٹر کک 2 درجے تنزلی کے ساتھ 8 ویں جبکہ ہاشم آملہ اور لوکیش راہول ایک ایک درجہ پیچھے جاتے ہوئے بالترتیب 9 ویں 10 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ تمیم اقبال 6 درجے چھلانگ لگاکر کیریئر میں پہلی مرتبہ14 ویں، بریتھ ویٹ 14 درجے بہتری کے ساتھ 16 ویں جبکہ شائی ہوپ 60 درجے کی چھلانگ لگا کر 42 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔بولرروں کی فہرست میں رویندرجڈیجہ، جیمز اینڈرسن اور روی چندرن ایشون بدستور پہلے تین مقامات پر قابض ہیں۔ رنگنا ہیراتھ نے جوش ہیزل ووڈ کو پیچھے دھکیلتے ہوئے چوتھا مقام حاصل کر لیا ہے۔ کاگیسو ربادا چھٹے، ڈیل اسٹین اور ورنان فلینڈر ایک ایک درجہ بہتری کے ساتھ 7 ویں اور 8 ویں، اسٹیورٹ براڈ 2 قدم پیچھے ہٹتے ہوئے 9 ویں جبکہ نیل ویگنر بدستور 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔ عالمی درجہ بندی میں بہتری کے ساتھ شکیب الحسن 14ویں، شینن گیبریل 18ویں، مہدی حسن 30 ویں، تیج الاسلام 32 ویں، جیسن ہولڈر 37 ویں، پیٹ کمنز 52 ویں جبکہ روسٹن چیز 67 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔آل راؤنڈرز کے 5 ابتدائی مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں۔ رویندرا جڈیجہ دوسرے، روی چندرن ایشون تیسرے، معین علی چوتھے جبکہ بین اسٹوکس پانچویں نمبر پر ہیں۔