پاک ۔ نیوزی لینڈ آج تیسرے ٹسٹ کا آغاز

شارجہ ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان رواں ٹسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ کل یہاں شروع ہورہا ہے۔ پاکستانی ٹیم پہلے ٹسٹ میں کامیابی کے ذریعہ سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست سبقت بنا چکی ہے لیکن گذشتہ ٹسٹ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے مظاہرہ نہ صرف بہترین تھے بلکہ وہ دوسرے ٹسٹ میں کامیابی کے قریب بھی پہنچ چکی تھی گرچہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد سنچری بناتے ہوئے پانچویں دن ٹیم کو شکست سے محفوظ رکھا۔ نیوزی لینڈ ٹیم تیسرے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز کو برابر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ نیز مہمان ٹیم کیلئے کپتان برنڈن مکالم اور سابق کپتان راس ٹیلر کی گذشتہ ٹسٹ میں سنچری خوش آئند ہے۔ نیز نوجوان اوپنر لیتھم نے دونوں ٹسٹ مقابلوں میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔ کین ولیمسن جنہوں نے حالیہ عرصہ میں خود کو ٹیم کا ایک مضبوط بیٹسمین ثابت کیا ہے۔ تاہم وہ اس سیریز میں بہتر مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں۔ تیسرے ٹسٹ میں ٹیم انتظامیہ کو ولیمسن سے بہتر مظاہرہ کی توقع ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے بولنگ شعبہ میں فاسٹ بولر ٹم ساوتھی اور اسپنر ایش سودھی سے اہم مظاہروں کی امید کی جارہی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم جس نے گذشتہ سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دی ہے، اب وہ ایک اور کامیابی کے قریب ہے کیونکہ تیسرا ٹسٹ ڈرا کرنا اس کیلئے کافی ہے۔ مصباح الحق کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ شعبہ میں یونس خان کے ہمراہ دیگر بیٹسمینوں کے علاوہ بولنگ شعبہ میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر پر مشتمل اسپنرس کی جوڑی کے مظاہرے قابل ستائش ہیں۔