کولمبو۔5 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز میں دو ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، لیکن سیریز کا نظام العمل کا تاحال فیصلہ نہ ہوسکا جبکہ سری لنکانے مجوزہ سیریز سے ایک ٹسٹ بھی کم کردیا ہے اب سیریز میں دو ٹسٹ پانچ ون ڈے اور تین ٹونٹی ہونگے۔ واضح رہے سری لنکا اس وقت ہندوستان کیخلاف سیریز میں مصروف ہے۔ پی سی بی حکام کے بموجب سیریز کا پروگرام اس وقت منظوری کیلئے سری لنکائی حکام کے پاس موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ سیریز کا آغاز ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہو جبکہ سری لنکن بورڈ پہلے ٹسٹ میچزکی سیریز کھیلنا چاہتا ہے۔ سری لنکا نے ہندوستان کیخلاف سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان سے ایک ٹسٹ میچ کم کروایا ہے۔
روٹ کے پانچ ہزار رنز مکمل
مانچسٹر۔5 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )انگلش کپتان جو روٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے ٹسٹ کے دوران پانچ ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر لیا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے انگلینڈ کے 22ویں اور دنیا کے 92ویں بیٹسمین ہیں۔ جو روٹ مسلسل 10میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کرنے والے کھلاڑیوں ابراہام ڈی ویلیئرز، سچن تنڈولکر، ویوین رچرڈز گوتم گمبھیر، مومن الحق ،جان ایڈرچ اور وریندر سہواگ کی صف میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔ انہیں اپنے ملک کے 15ویں کھلاڑی کا اعزاز ملا جس نے 30نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔واضح رہے کہ رواں ٹسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے بیرسٹو کے 99 رنز کی بدولت 362 رنز اسکور کئے ۔ تادم تحریر جنوبی آفریقہ کا اسکور 42/1 تھا۔