پاک۔ نیوزی لینڈ ونڈے سیریز بارش کے باعث ڈرا

دبئی ۔12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ بارش کے باعث نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا جس کے باعث سیریز کو 1-1 سے برابر قرار دیا گیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنرز نے ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ گزشتہ میچ میں زخمی ہونے والے امام الحق کی عدم موجودگی میں فخرزمان کے ساتھ تجربہ کار محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ آوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین تھے جنہوں نے 19 رنز بنائے۔ فخرزمان نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 98 رنز پہنچایا اور اپنی نصف سنچری بھی بنائی، وہ 23 ویں اوور میں 65 رنز بنا کر گرینڈ ہوم کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ حارث سہیل اور بابراعظم کی شراکت میں 108 رنز بنے اور اسی دوران دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کی تاہم حارث سہیل 60 رنز بنا کر فرگوسن کی گیند پر پویلین لوٹے جس کے بعد شعیب ملک بیٹنگ کے لیے آئے اور 250 کے اسکور پر صرف 18 رنز جوڑ کر ہینری کی وکٹ بن گئے۔ بابراعظم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن وہ صرف 8 رنز کے فرق سے سنچری بنانے سے محروم انہوں نے 100 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 92 رنز بنائے۔ فہیم اشرف 5 اور حسن علی 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے 1 رن بنایا۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنا لیے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔نیوزی لینڈ ٹیم نے مطلوبہ نشانے کا تعاقب کے آغاز میں ہی اپنے تجربہ کار اوپنر کولن منرو کو کھو دیا تھا جن کو شاہین آفریدی نے صفر پر آوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے ساتویں اوور میں ایک وکٹ پر 35 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔ امپائرز نے دونوں کپتانوں سے میچ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے بعد میچ ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے ساتھ ہی سیریز بھی 1-1 سے برابر ہوگئی اور پاکستان کا 7 برس بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔ نیوزی لینڈ کے فرگوسن کو میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے سیریز کے پہلے میچ میں 47 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد دوسرے میچ میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔