پاکیزہ بندوں کے ذریعہ انقلاب زندگی پر قرآن مجید میں اولیاء اللہ کے تذکرے

حیدرآباد۔ 11 فروری (دکن نیوز) حضرت سیدنا حافظ سید شاہ پرورش علی حسینی بادشاہ میاں سرکار مصری گنج عرس تقاریب کے ضمن میں 10 فروری ریاض مدینہ مصری گنج میں ’’شاہ کانفرنس‘‘ کا آغاز حافظ و قاری سید محمد واثق حسینی قادری کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ قاری محمد تجمل نقشبندی نے نعت شریف پیش کی۔ اس کانفرنس کی نگرانی مولانا سید محمد صدیق حسینی قادری سجادہ نشین نے کی۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نے کہا کہ اولیاء اللہ جو رب کائنات کے مقرب بندے ہوا کرتے ہیں، ان پر وہ اپنی رحمتیں و برکتیں نازل کرتا ہے۔ قرآن حکیم کے بیشتر مقامات پر اولیاء اللہ کے تذکرے موجود ہیں تاکہ پاکیزہ بندوں کی زندگی کے ذریعہ اپنے میں انقلاب پیدا کرسکے۔ انہوں نے حضرت ممدوح ؒ کی زندگی کے حوالے سے کہا کہ ان میں تقویٰ، تزکیہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا اور جس عقیدہ توحید کو مانتے تھے، اس پر سختی کے ساتھ گامزن بھی رہے۔ مولانا قاضی سید اعظم علی صوفی نے کہا کہ اللہ نے جب اپنے آخری نبیؐ پر نبوت کا دروازہ بند کردیا تو اس کی ذمہ داری صحابہ کرامؓ، تابعین اور اولیاء اللہ پر عائد ہوئی کہ وہ دنیا میں وحدانیت، رسالت اور آخرت کے درس کو عام کریں اور ساتھ ہی مخلوق کی رہبری و رہنمائی کریں۔ پروگرام کے مطابق 12 فروری قصیدہ بردہ شریف کی محفل منعقد ہوگی اور 13 تا 15 فروری کو بعد نماز عصر ختم قرآن اور بعد نماز مغرب محفل سماع منعقد ہوگی اور 10 بجے شب طرحی مشاعرہ منعقد ہوگا جو بطرح ’’نظر میں شاہ کے جلوے سجائے جاتے ہیں‘‘ مقرر ہے۔ 14 فروری کو 11 بجے دن جلسہ خواتین منعقد ہے اور بعد نماز مغرب محفل چراغاں، 15 فروری کو بعد نماز ظہر 7 روزہ عرس تقاریب کا اختتام عمل میں آئے گا۔ اس موقع پر شہ نشین پر مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی، مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین سجادہ نشین، مولانا سید محمد قبول پاشاہ شطاری، مولانا سید شہنشاہ میاں قادری، مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ، مولا اسید حسن ابراہیم حسینی قادری، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، سید ہبت اللہ حسینی، سید برکت اللہ حسینی، سید تقی قادری موجود تھے۔