پاکستان74 رنزسے کامیاب،آج آسٹریلیا سے مقابلہ

ہرارے ۔یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام)سہ رخی ٹوئنٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74رنز کے بڑے فرق سے شکست دی ۔نوجوان بیٹسمین آصف علی کو جارحانہ اننگز پر آف دی میچ دیا گیا۔ ہرارے میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان ٹیم 183رنز کے مطلوبہ نشانے کے تعاقب میں 17.5 اوورس میں 108رنز بناسکی تاہم اس کی تمام وکٹیں نہ گرسکیں کیونکہ بولر کائل جاروس زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ نہیں کی۔ ٹاریسائی موساکانڈا نے سب سے زیادہ 43رنز بنائے جبکہ اوپنر سلومن مائر27رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ محمد نواز، عثمان خان، حسن علی اور محمد حفیظ نے فی کس 2 وکٹس اور شاداب خان ایک وکٹ لے سکے۔ قبل ازیں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورں میں 4 وکٹ کے نقصان پر 182رنز کا بڑا اسکوربنایا ۔فخر زمان پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے انہوں نے 40گیندوں پر61رنز بنا ئے جس میں 3چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ آصف علی نے41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4چھکے اور ایک چوکا شامل تھا انہوں نے21 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ شعیب ملک نے24 گیندوں پر 37رنز کی ناقابل تسخیر اننگزکھیلی ۔زمبابوے کے ٹینڈائی چسیرو نے2 پاکستانی بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔رواں سیریز میں پاکستان، زمبابوے کے ساتھ آسٹریلیا تیسری ٹیم ہے ۔ سیریز میں کل پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے دوپہر ایک بجکر 30 منٹ پر ہوگا۔یادرہے کہ آسٹریلیائی ٹیم کو سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈوارنر کی خدمات سے محروم ہے جن پر بال ٹمپرنگ کی وجہ سے ایک سالہ پابندی عاید ہے نیز دورۂ انگلینڈ پر آسٹریلیائی ٹیم کو ونڈے سیریز میں 5-0 اور واحد ٹوئنٹی20 میں بھی شکست ہوئی ہے۔