پاکستان 281/6 ، پہلی اننگز میں ہنوز 122 رنز پیچھے

دوبئی 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ میں پاکستان کے لئے حالات مشکل دکھائی دے رہے ہیں، جیسا کہ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم کو 281 رنز پر ہی اپنی 6 وکٹیں گنوانی پڑی ہیں اور اِس طرح وہ مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کے اسکور 403 رنز سے ہنوز 122 رنز پیچھے ہے۔ دن کے اختتام پر سرفراز احمد 47 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 28 رنز اور یاسر شاہ 5 گیندوں میں ایک رن بناکر وکٹ پر موجود تھے۔ دن کے اختتامی اوورس میں اسد شفیق کی وکٹ نے نیوزی لینڈ کے موقف کو مستحکم کیا کیونکہ وہ 73 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز اسکور کرتے ہوئے سرفراز کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لئے 59 رنز کی پارٹنرشپ نبھا چکے تھے۔ پاکستان کے لئے اظہر علی نے 225 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز اور یونس خان نے 160 گیندوں میں 7 گیندوں اور دو چھکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کرنے کے علاوہ تیسرے وکٹ کیلئے 113 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔چوتھی وکٹ کے لئے مصباح الحق اور اظہر علی کے درمیان 50 رنز کی پارٹنرشپ رہی۔ دریں اثناء مصباح الحق 55 گیندوں میں 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ کے لئے اسپنر ایش سودھی نے 65 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔