دبئی۔23اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے 105گیندوں میں 14چوکوں کی مدد سے 109رنز اسکور کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں ٹیم کے مجموعی اسکور کو454تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا جب کہ لوور آرڈر میں یاسرشاہ (2) ‘ راحت علی (0)‘ عمر خان (0) نے کوئی قابل ذکر مظاہرہ نہیں کیا ۔ دوسری جانب آسٹریلیائی اوپنرس نے بھی پاکستان کی غیر تجربہ کار بولنگ کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 113رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ بائیں ہاتھ کے اوپنرڈیوڈ وارنر اپنی جارحانہ اننگز میں 77گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 75رنز اسکور کئے ہیں جس میں 7چوکے اور ایک چھکا شامل ہے ۔
وارنر کے ساتھی کھلاڑی کرس راجرس نے 110گیندوں میںصرف ایک چوکے کی مدد سے 31رنز بنائے ہیں ۔ پاکستانی بولنگ شعبہ جو کہ غیرتجربہ کار بولروں پر مشتمل ہے وہ 31اوورس کی بولنگ میں ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کرپایا ہے ۔ راحت علی نے 7اوورس میں 22‘ محمد حفیظ نے 10اوورس میں 18‘ عمران خان نے 6اوورس میں 23رنز دیئے ۔ ذوالفقار بابر کے 5اوورس میں 25 اور پہلا ٹسٹ کھیل رہے دوسرے پاکستانی اسپنر یاسر شاہ کے 3اوورس میں 19رنز بنائے گئے ۔ قبل ازیں آج پاکستان نے اپنے کل کے اسکور 219/4سے آگے کھیلنا شروع کیا ۔ مصباح الحق نے 2چھکوں اور 2چوکوں پر مشتمل اننگز کے دوران اور کل کے دوسرے ناٹ آؤٹ دوسرے بیٹسمین اسد شفیق نے 5چوکوں اور 2چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 89رنز بنائے ۔