میرپور، 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ محمد عامر، محمد عرفان اور وہاب ریاض پر مشتمل بولنگ اٹیک اس وقت دنیا کے بہترین بولنگ اٹیک میں سے ایک ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے پاس دنیا کی بہترین بولنگ ٹیم ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ محمد عامر میچ کو جتوانے والا بولر ہے جس کے ساتھ 7 فٹ لمبے محمد عرفان ہیں، جن کو جسامت کا اضافی فائدہ حاصل ہے اور تیز بولنگ کی یہ بیٹری بڑی پُرجوش ہے، ہرگز نہ بھولیں کہ ہمارے پاس وہاب ریاض ہے۔ اس طرح ہمارے پاس عامر کی ورائٹی، عرفان کی جسامت اور وہاب کی تیز گیندیں ہیں جو خطرناک فاسٹ بولنگ اٹیک بناتے ہیں، ہمارے پاس بائیں ہاتھ کے تیز بولرز کے ساتھ دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد سمیع بھی ہیں جو 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرسکتے ہیں‘‘۔ اظہر کو حال ہی میں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے مشتاق احمد کی جگہ عبوری بولنگ کوچ مقررکیا گیا ہے۔ اظہر نے بتایا کہ ’’میں پاکستان سوپر لیگ میں کھیل رہا تھا تو وقاریونس نے فون کرکے کہا کہ یہ موقع ہے ، جس پر میں نے فوراً ہاں کرلی‘‘۔