پاکستان کے نیوکلئیر تجربہ کے بعد ہندوستان کے رویہ میں تبدیلی : نواز شریف کا ادعا

لاہور 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے معزول وزیر اعظم نواز شریف نے آج ادعا کیا کہ ان کے ملک کی جانب سے 1998 میں کئے گئے نیوکلئیر تجربات کے بعد پاکستان کے تئیں ہندوستان کے رویہ میں تبدیلی آئی تھی ۔ نواز شریف نے یہاں نیوکلئیر تجربات کے 20 سال کی تکمیل پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے 1998 میں نیوکلئیر تجربات کئے تھے ۔ اس وقت ہندوستان اور اس کے وزرا کا رویہ پاکستان کے تعلق سے بدل گیا تھا لیکن جب خود پاکستان نے بھی نیوکلئیر تجربات کئے تو اچانک ہی ہندوستان کے رویہ میں تبدیلی آگئی ۔ ان نیوکلئیر تجربات کے آٹھ ماہ بعد اس وقت کے وزیر اعظم ہند اٹل بہاری واجپائی نے بس کے ذریعہ لاہور کا سفر کیا تھا ۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے نیوکلئرے تجربات کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے نیوکلئیر تجربات کے فیصلے کے بعد ہی ایسا ہوا ہے کہ کوئی بھی پاکستان کو چیلنج نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن نے ان سے کہا تھا کہ وہ نیوکلئیر تجربات نہ کریں اور اس کے بدلے میں انہوں نے 5 بلین ڈالرس کی مدد کی پیشکش کی تھی ۔ انہوں نے اس پیشکش کو مسترد کردیا تھا اور اپنے ملک کے دفاع کو اہمیت دی تھی ۔