ایڈیلیڈ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقہ سے سیریز کے اختتام اور شکست کے بعد آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ کی نظریں پاکستان کے خلاف سیریز پر مرکوز ہوچکی ہیں اور انھوں نے اپنے کھلاڑیوںکو خبردار کیا کہ مہمان ٹیم کو قابو کرنے کیلئے انھیں سخت محنت کرنا پڑے گی۔آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف اگرچہ سیریز میں 2-1 سے شکست ہوئی تاہم ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میں کامیابی سے اس کا کافی اعتماد بحال ہوچکا اور پاکستان کے خلاف سیریز کا آغاز بھی نائٹ ٹسٹ سے ہوگا۔ اسمتھ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم حالیہ کچھ عرصے میں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، اس کے پاس کچھ بہترین کرکٹرزموجود ہیں، ہمیں ان پر قابو پانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔اسمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے جو مظاہرہ ایڈیلیڈ میں پیش کیا اسی پر ہی ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے یہ ٹیم میں شامل ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے بھی بہتر آغاز ثابت ہوا ہے۔ کھلاڑی راتوں رات سوپر اسٹارز نہیں بن سکتے تاہم آپس میں مل کر ایک ساتھ کھیلنے سے مظاہروں میں مزید بہتری آئے گی اور سب ایک دوسرے کا کھیل سمجھنے لگیں گے لیکن اس کیلئے بدستور بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔