کولمبو ۔ 12 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سری لنکا پریسیڈنٹ الیون کے خلاف رواں سہ روزہ ٹور مقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جیسا کہ پاکستانی ٹیم نے آج میزبان ٹیم کو 241 رنز تک محدود رکھنے کے بعد دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 27 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اسطرح اسے مقابلے میں مجموعی طورپر 33 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔ کل کھیل کا آخری دن ہوگا ۔ میزبان ٹیم کیلئے 241 رنز پر ڈھیر ہونا اس لئے بھی مایوس کن ہے کیونکہ اوپنر سلوا نے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور 247 رنز سے آگے نہیں لے جاسکے ۔ پاکستان کیلئے ذوالفقار بابر نے انتہائی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 اوورس میں 31 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسرے اسپنر یاسر شاہ نے 23.1 اوورس میں 45 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ میزبان ٹیم کیلئے اوپل تھرنگا (35) ، جہان مبارک (28) ، کپتان چنڈیمل (22) اور سری وردھنا (26) سبھی نے بہتر شروعات کی لیکن کوئی بھی بیٹسمین شروعات کو ایک بڑی اننگز میں تبدیل نہ کرسکا ۔ دن کے اختتام پر پاکستانی اوپنر شان مسعود 37 گیندوں میں 1 چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 15 رنز جبکہ اظہر علی 12 گیندوں میں 3 رنز بناچکے ہیں۔ پاکستان کیلئے آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین اوپنر محمد حفیظ ہیں جنھوں نے 17 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز بنائے ۔