لاہور۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے امید ظاہر کی ہے کہ پانچ مارچ کو لاہور میں لیگ کے فائنل کے کامیابی کے ساتھ انعقاد کے بعد یقینی طور پر اس سال ایک سے دو بیرونی ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ ضرور کریں گی۔پاکستان سوپر لیگ کے نئے اسپانسر ’ہومیج‘ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ حکومت نے سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں جو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور غیر ملکی ٹیموں کو دورہ پاکستان کیلئے رضامند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پانچ مارچ کو پاکستان سوپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کروا کر ہم دنیا پر یہ ثابت کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال قابل اطمینان ہے۔چیئرمین پی ایس ایل کے مطابق پاکستان پر آئی سی سی کی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے حال ہی میں لاہور کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتطامات سے مطمئن ہو کر وطن واپس لوٹے۔انہوں نے پاکستان سوپر لیگ کو ملکی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو پاکستانی مفاد میں اس کی حفاظت کرنی چاہئے، لیگ سے چند نئے اور باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے اور ٹیم میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں اسپانسرز کی کوئی کمی نہیں جو اس صورتحال سے بالکل مختلف اور اچھی ہے جب ہم نے گزشتہ سال پی ایس ایل کا اجرا کیا تھا۔نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ کھلاڑیوں کا دوسرا ڈرافٹ پی ایس ایل کے درمیان ہو گا جہاں انہیں یہ موقع دیا جائے گا کہ وہ لاہور میں فائنل کھیلیں یا پھر اس سے دستبردار ہو جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پی ایس ایل منتظمین اس عمل میں فیکا کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں اور ان کی سیکیورٹی ایجنسی کو یقین دلا سکیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات قابل اطمینان ہیں۔یاد رہے کہ فیکا نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو فائنل کھیلنے کیلئے لاہور نہ جانے کا مشورہ دیا تھا۔