پاکستان کو بنگلہ دیش روانگی کی حکومت کی جانب سے اجازت

کراچی ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ایشیاء کپ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش روانگی کی اجازت حکومت کی جانب سے مل گئی ہے اور وزارت خارجہ نے اس کے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مطلع کردیا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ 22 فروری کو پاکستانی ٹیم کی ڈھاکہ روانگی سے دو دن قبل پاکستانی کرکٹ بورڈ اپنا سیکوریٹی عہدیدار صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بنگلہ دیش روانہ کرے گا۔ پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش میں قیام کے دوران سیکوریٹی کے سلسلے میں غیرمعمولی طور پر محتاط رہنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے رہنما عبدالقادر ملاّ کو سزائے موت دیئے جانے پر پاکستانی حکومت کے سخت ردعمل کے جواب میں بنگلہ دیش میں پاکستان کے مخالف مظاہرے ہوئے تھے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کی ایشیا کپ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط کردی گئی تھی۔ 4 فبروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکا اشرف نے امورِ خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کی تھی جس میں انہیں مطلع کیا گیا تھا کہ اس ضمن میں تفصیلات وزیرِ اعظم کو بھیجی جا رہی ہے۔ یاد رہے بنگلہ دیش میں حالیہ دنوں میں حالات کشیدہ ہونے کے علاوہ مخالف پاکستان ردعمل کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ بورڈ نے ایشیاء کپ میں اپنی ٹیم کو شرکت کیلئے روانہ کرنے کے ضمن میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اس وقت بنگلہ دیش کی ایشیاء کپ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی شیڈول کے مطابق ہورہی ہے۔