میرپور ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) متواتر فتوحات درج کرانے کے بعد میزبان بنگلہ دیش توقع ہے کہ پاکستان کے خلاف سخت مقابلہ کریں گے حالانکہ اُن کے اہم اسٹرائک بولر مستفیض الرحمن زخمی ہوجانے کی بناء ایشیا کپ راؤنڈ روبن لیگ میچ میں کل یہاں نہیں کھیل پائیں گے۔ آئی سی سی ورلڈ T20 سے قبل جاری اس براعظمی چمپئن شپ کے فائنلس تک رسائی حاصل کرنا ہو تو کل دونوں ٹیموں کیلئے جیت لازمی رہے گی۔ خاص طور پر بنگلہ دیش کیلئے جنھیں او ڈی آئی سرکٹ میں حالیہ شاندار مظاہروں کے باوجود مختصر ترین فارمٹ میں زیادہ سنگین خطرہ نہیں سمجھا جاتا ہے۔ مشرف مرتضیٰ اور ان کی ٹیم کیلئے یہ موقع ہے کہ اپنے نقادوں کو غلط ثابت کریں اور اعتماد جٹائیں جو عالمی ایونٹ کیلئے ہندوستان کو روانگی سے قبل انھیں درکار ہوگا۔ مستفیض کو انجری میزبان ٹیم کیلئے تشویش کا معاملہ رہے گی۔ مستفیض کی مختلف نوعیت کی گیندیں بلاشبہ پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو مشکل میں ڈالی ہوتیں، جو گزشتہ شب متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی سات وکٹ کی کامیابی کے باوجود متزلزل دکھائی دی ہے۔ تاہم بنگلہ دیش کیلئے اچھی خبر سینئر اوپنر تمیم اقبال کی واپسی ہے جو اپنے پہلے بچہ کی پیدائش کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ ہندوستان کے خلاف پہلے میچ میں بری طرح ناکام ہوئی جبکہ وہ 83 کے معمولی اسکور پر آل آؤٹ ہوئے اور پھر یو اے ای نے بھی اُن کے ٹاپ آرڈر کو 17 رنز پر آؤٹ کرتے ہوئے پریشان کردیا تھا۔ حتیٰ کہ پاکستانی کوچ وقار یونس نے اعتراف کیا کہ انھیں نہیں معلوم کہ کس بات نے اوپنرز شرجیل خان اور محمد حفیظ کو بے خوف ہوکر کھیلنے سے روکے رکھا تھا۔تاہم انھوں نے شعیب ملک کی ستائش کی۔