نئی دہلی 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سفارت خانہ برائے پاکستان صحافی وید پرتاب ویدک کے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید سے ملاقات کے بارے میں ناواقف تھا اِس لئے اِس ملاقات کا اہتمام کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہاکہ اطلاع ملی ہے کہ ہندوستانی ہائی کمیشن (برائے پاکستان) نے واضح طور پر کہا ہے کہ اُنھیں اِس ملاقات کی اطلاع نہیں تھی۔ اِس لئے ہائی کمیشن کی جانب سے اِس کے اہتمام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اپوزیشن کانگریس اور آر جے ڈی کے بیان دینے کے لئے پُرشور مطالبہ پر اُنھوں نے کہاکہ وہ ویدک نے بعض خبررساں چیانلس پر کہا تھا کہ ہندوستانی ہائی کمیشن ملاقات سے واقف تھا۔ اِس اطلاع کے بعد اُنھوں نے ہائی کمیشن سے رپورٹ طلب کی تھی۔ ہائی کمیشن نے قبل ازیں بھی واضح کردیا ہے اور دوبارہ یہی موقف اختیار کیا ہے کہ ہائی کمیشن اِس ملاقات سے ناواقف تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کا ویدک کے دورہ یا حافظ سعید سے ملاقات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔