لاہور۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ بنگلہ دیش کیلئے سلیکشن کمیٹی اور تینوں فارمٹ کے کپتانوں کے درمیان مشاورت جاری ہے اور اسکواڈ سے ناصر جمشید اور عمر اکمل کو باہر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کیلئے سلیکٹرز پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمٹ کے کپتانوں کے ساتھ لاہور میں میٹنگ میں مصروف ہیں۔سابق ٹسٹ کرکٹر اور چیف سلیکٹر ہارون رشید کی سربراہی میں چار رکنی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگز کا سلسلہ یہاں قذافی اسٹیڈیم میں دو روز سے جاری ہے اور سلیکٹرز رواں ماہ طئے شدہ دورۂ بنگلہ دیش کیلئے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نئے سنٹرل کنٹراکٹس پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ باخبر ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے نوجوان کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ اسکواڈ میں فواد عالم کی شمولیت یقینی ہے جبکہ نوجوان اوپنر سمیع اسلم اور بابر اعظم کی شمولیت پر بھی غور وخوض جاری ہے، اس کے علاوہ انور علی کو بھی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کی تیاری کیلئے ٹیم کا تربیتی کیمپ دوشنبہ 6 اپریل کو شروع ہونے کاامکان ہے۔پاکستانی ٹیم دورہ ٔبنگلہ دیش میں دوٹسٹ، تین ونڈے اورایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔