پاکستان کا دورۂ بنگلہ دیش، کیمپ کا پہلا دن بارش سے متاثر

لاہور ، 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دورۂ بنگلہ دیش کی تیاری کیلئے پاکستانی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا کل پہلا روز بارش سے متاثر ہوا۔ سابق ٹی 20کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں پاکستان کا پلہ بھاری رہے گا۔ ہلکی بوندا باندی سے پہلے تو ٹریننگ کے آغاز میں تاخیر ہوئی۔ پھر کھلاڑی وارم اپ میں مصروف تھے کہ بارش تیز ہو گئی۔نتیجتاً قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ منسوخ کردی گئی اور کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈیمی کی راہ لی۔ حفیظ جو بولنگ ایکشن کے بائیو مکینک ٹسٹ کیلئے ہندوستان روانہ ہوئے، انہیں امید ہے کہ ایکشن کلیئر ہوجا ئے گا۔