کولمبو۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھی اس وقت ہر کامیابی کی اشد ضرورت ہے جو اسے چیمپینز ٹرافی میں لے جائے۔سری لنکا کو تیسرے ونڈے میں 135 رنز سے شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم آئی سی سی ایونٹ کے مزید قریب آگئی ہے اور وہ چوتھے ونڈے میںکامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں سیریز اور چیمپین ٹرافی میں رسائی کی خواہاں ہے۔ پاکستانی ٹیم کو کولمبو کا پریماداسا سٹیڈیم راس آ چکا ہے۔ اس میدان میں تیسرے ونڈے میں کامیابی مہمان ٹیم کی 22ویں ونڈے میں بارہویں کامیابی رہی اور یہ چوتھا موقع ہے کہ اس نے اس میدان میں تین سو سے زائد رنز بناکر کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان کو محمد حفیظ پر بولنگ کی پابندی کے سبب عماد وسیم کی شکل میں بائیں ہاتھ کے ا سپنر بابراعظم کو باہر بٹھانا پڑا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا مقابلہ 22 جولائی کو کھیلا جائے گا۔