پاکستان ورلڈ کپ ٹورنمنٹس میں کمزور ترین ٹیم : گواسکر

نئی دہلی۔18فبروری(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ رواں ورلڈ کپ میں موجود پاکستانی ٹیم اب تک عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کرنے والے پاکستان کی کمزور ترین ٹیم ہے۔ سابق عظیم بیٹسمین نے کہا کہ پاکستان کی ہندوستان کے خلاف میچ میں سب سے بڑی غلطی مستقل کیپر کو نہیں کھلانا تھی۔یاد رہے کہ پاکستان نے ہندوستان کے خلاف میچ میں کیپر سرفراز احمدکی جگہ عمر اکمل کو کیپر بنایا تھا اور انہوں نے ویراٹ کوہلی کا کیچ چھوڑدیا تھا جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا اور کوہلی نے میچ میں سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 300رنز تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔گواسکر کے بموجب کیچ چھوڑنے سے یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ہمیشہ اپنے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنا چاہئے۔