لندن ۔ 24جون (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ ہاکی لیگ کا پہلا کوارٹر فائنل میچ ہار گئی ہے جس کی وجہ سے یہ آئندہ عالمی کپ کے لئے براہ راست کوالیفائی نہیں کر سکی۔ پاکستان کو ارجنٹینا سے 3-1 گول سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔عالمی نمبر ایک ارجنٹیناسے اس شکست کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ 2018 میں شرکت اب نشیب وفراز سے مشروط ہوگئی ہے۔ لندن کے ملکہ الزبتھ اولمپک پارک میں کھیلے گئے ورلڈ ہاکی لیگ کے پہلے کوارٹر فائنل میں پاکستان اور اولمپک چمپیئن ارجنٹینا کے درمیان کھیلے گئے اس میچ کے پہلے کوارٹر میں سخت مقابلہ ہوا اور دونوں جانب سے جارحانہ ہاکی دیکھنے میں آئی لیکن کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔ البتہ دوسرے کوارٹر میں ملنے والے پینلٹی اسٹروک پر ارجنٹینا کے مائکاؤ کسیلا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے نصف تک برقرار رہی۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستانی دفاعی کھلاڑی حریف کھلاڑیوں کے حملے نہ روک سکے اور پہلے گونزل پیلٹ نے پینلٹی کارنر پر گول کیا جس کے کچھ دیر بعد ہی مائکاؤ کسیلا نے میچ میں اپنا دوسرا اور ارجنٹینا کا تیسرا گول کردیا۔ پاکستان کا واحد گول علی شان نے پینلٹی کارنر پر کیا۔پاکستان ٹیم نے 1971، 1978، 1982 اور1994 میں ورلڈ کپ کے خطابات جیتے تھے لیکن موجودہ پاکستان ہاکی ٹیم کے اب آئندہ سال ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ تک رسائی کا انحصار کوالیفائنگ میچوں میں اچھی کارکردگی کے علاوہ دوسری ٹیموں کی اپنے براعظموں میں مقامات پر بھی ہوگا۔2018 عالمی کپ ہاکی ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ میزبان کی حیثیت سے ہندوستان پہلے ہی رسائی کر چکا ہے جبکہ آسٹریلیا اور ارجنٹینا کی ٹیمیں بھی کانٹینینٹل چمپیئن ہونے کی وجہ سے میگا ایونٹ میں جگہ بنا چکی ہیں۔