کلین سویپ پر نظریں، کامیابی پر آئی سی سی رینک میں درکار بہتری ہوگی
شارجہ ، 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بابراعظم کی لگاتار دوسری سنچری نے پاکستان کو شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ونڈے انٹرنیشنل میں 59 رنز سے کامیابی دلا دی۔ اس جیت کے بعد پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے اور اگر 5 اکٹوبر کو اس نے ابوظہبی میں تیسرا اور آخری ونڈے انٹرنیشنل بھی جیت کر کلین سویپ کردیا تو اس کی عالمی رینکنگ 9 سے بہتر ہو کر 8 ہوجائے گی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 337/5 بنائے جو ونڈے انٹرنیشنل میں اس کا ویسٹ انڈیز کے خلاف سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔اس سے قبل پاکستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف 307/8 بڑا اسکور تھا جو اس نے فروری 2005ء میں پرتھ میں بنایا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کی غیرمعیاری فیلڈنگ کے باوجود 278/7 تک محدود رہی۔ پاکستانی اننگز میں شرجیل خان نے ایک بار پھر دھواں دار انداز میں اننگز کی ابتدا کی لیکن 24 رنز بنا کر الزاری جوزف کی ونڈے میں پہلی وکٹ بن گئے۔ تین گیندوں میں دو وکٹیں گنوانے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 169 رنز کا اضافہ کیا۔شعیب (90) اپنی نویں سنچری مکمل نہ کر سکے اور سنیل نارائن کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔شعیب نے صرف 84 گیندوں کا سامنا کیا اور ان کی اننگز میں تین چوکے اور چھ چھکے شامل ہیں ۔ بابرنو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 123 رنز بنا کر جوزف کی دوسری وکٹ بنے۔ بابر اور سرفراز احمد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 73 رنز کا اضافہ کیا۔ سرفراز نے صرف 47 گیندوں پر 60 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔ پاکستانی بیٹسمنوں نے آخری دس اوورز میں 97 رنز کا اضافہ کیا۔ بابر اعظم کو ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔