ہرارے۔ 5 ۔ ا کتوبر (سیاست ڈاٹ کام) آل راؤنڈر بلاول آصف کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم نے یہاں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن لیکن یکطرفہ مقابلہ میں میزبان زمبابوے کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین مقابلوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور زمبابوے نے 21 اوورس میں پہلی وکٹ کیلئے 89 رنز اسکور کرتے ہوئے اظہر علی کے فیصلہ کو غلط ثابت کرنے کی کامیاب کوشش کی لیکن دوسرا ہی ونڈے کھیل رہے آف اسپنر بلاول نے 10 اوور میں 25 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 38.5 اوورس میں 161 رنز پر ڈھیر کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔ نیز عماد وسیم نے 8 اوورس میں 36 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ جوابی اننگز میں پاکستان نے 34 اوورس میں 162/3 کے ذریعہ مطلوبہ نشانہ 96 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔ مقابلہ میں شاندار مظاہرہ کرنے والے بلاول کو بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا جبکہ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک میان آف دی سیریز قرار دیئے گئے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شعیب ملک نے 2015 ء ان کے لئے کامیاب سال قرار دیا اور کہا کہ کوچ وقار اور مشتاق احمد سے اظہار تشکر کیا کہ مذکورہ حکام نے انہیں ٹیم میں واپس طلب کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ کا موقع فراہم کیا ہے ۔