بلاوایو۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان آل راؤنڈر فہیم اشرف کی 5 وکٹوں اور اوپنر فخر زمان کے 43 رنز کی بدولت پاکستان نے تیسرے ونڈے میں میزبان زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ہیپلٹن مساکڈزا نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوسکا۔پاکستان کی خطرناک بولنگ کے سامنے زمبابوے کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جہاں فہیم اشرف نے 22 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر میزبان ٹیم کی اننگز 67 رنز پر تمام کردی۔زمبابوے کی جانب سے چیمو چبھابھا 16 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ جنید خان نے 2 جبکہ عثمان شنواری، یاسر شاہ اور شاداب خان نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔68 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کے اوپنر امام الحق بغیرکوئی رن بنائے اننگز کی پہلی ہی گیند پر آوٹ ہوئے۔تاہم فخر زمان نے اپنا روایتی کھیل پیش کرکے 8 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو 9 وکٹوں سے فتح دلائی۔بابر اعظم نے بھی 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ وہ اس میچ کو جیت کر مہمان ٹیم پر ناقابلِ شکست برتری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان نے اس میچ میں محمد عامر اور حسن علی کو آرام دیا ہے جبکہ ریکارڈ ساز لیگ اسپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بولر جنید خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ۔دوسری جانب میزبان ٹیم کی جانب سے بھی تیسرے میچ کے لیے 4 تبدیلیاں کرتے ہوئے پرنس مویور اور نچرڈ نگاراوا کو کریر کے آغاز کا موقع دیا گیا جبکہ ٹینڈائی چسورو اور ایلٹن چگمبورہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ۔یادرہے کہ پہلے میچ میں پاکستان نے 201 رنزاوردوسرے میچ میں 9 وکٹوںکی کامیابی حاصل کی تھی۔