لاہور ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں پولیس نے آنے والے یوم دفاع سے قبل کئے جانے والے دہشت گرد حملے کے منصوبہ کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا کہ صوبہ پنجاب میں انہوںنے اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے تین عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پنجاب پولیس میں دہشت گردی کے خلاف جوابی کارروائی کے محکمہ نے کہا کہ محمد اقبال ، عثمان ضیاء اور حسنین معاوییہ نے جمعرات کو ملتان میں منعقد شدنی یوم دفاع تقاریب کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ یوم دفاع کے موقع پر پاکستان 1965 ء میں ہندوستان کے ساتھ اپنی جنگ کی یاد مناتا ہے اور اس ضمن میں ملک گیر سطح پر تقاریب کے علاوہ خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جوابی کارروائی کے محکمہ (سی ٹی ڈی) کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ انٹلیجنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے شہر ملتان کے مضافات میںایک گھر پر دھاوا کیا گیا اور تین دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے ۔ ان کے قبضہ سے چار دستی بم ، دھماکو مواد ، اور دیگر اسلحہ برآمد کرلئے گئے ۔ دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام کو منتقل کردیا گیا ۔