کراچی ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ پاکستان میں عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد کرنے کی تیاریاں کی جاچکی ہیں وہیں الیکشن ڈیوٹی کیلئے 1500 میڈیکل اسٹاف کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی جن کا تعلق ملک کے 12 اہم اور بڑے ہاسپٹلس سے ہے جن میں قلب کے علاج کیلئے مشہور ہاسپٹل بھی شامل ہے لہٰذا یہ اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں کہ رائے دہی کے روز ہاسپٹلس میں طبی خدمات متاثر ہوسکتی ہیں۔ انگریزی اخبار ڈان کی اطلاع کے مطابق شاید ملک کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہیکہ میڈیکل اسٹاف کو بھی (جن کی خدمات لازمی خدمات کے زمرے میں آتی ہیں) الیکشن کی ڈیوٹی تفویض کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میڈیکل اسٹاف کو پریسائڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریسائڈنگ آفیسر کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ لہٰذا کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزیس (KIHD) جو قلب کے امراض میں مبتلاء مریضوں کیلئے ایک اہم ہاسپٹل تصور کیا جاتا ہے، رائے دہی کے روز اسٹاف کی قلت کی وجہ سے اپنا کورونری کیئر اور خواتین و مردوں کے وارڈس میں معمول کی خدمات انجام دینے کے موقف میں نہیں ہوگا۔ صبح اور شام کی شفٹوں میں صرف ایمرجنسی معاملات پر ہی توجہ دی جائے گی۔ دیگر ہاسپٹلس جن کا عملہ الیکشن ڈیوٹی انجام دے گا ان میں عباسی شہید ہاسپٹل، سرفراز رفیقی شہید ہاسپٹل، سوبھراج میٹرنٹی ہاسپٹل، اسپنس آئی ہاسپٹل، لانڈھی کارڈیاک سنٹر، شاہ فیصل کارڈیاک سنٹر اور غزدرآباد میٹرنٹی اینڈ جنرل ہاسپٹل شامل ہیں۔