پاکستان میں کرکٹ سیریز کی دوبارہ شروعات

احسان مانی کا دورہ ٔساؤتھ آفریقہ
کراچی۔ 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ چیرمین احسان مانی ساؤتھ آفریقہ کا دورہ کریں گے تاکہ کرکٹ ساؤتھ آفریقہ کے ساتھ پاکستان میں کرکٹ سیریز کی دوبارہ شروعات پر گفت و شنید کرسکیں۔ وہ قائل کریں گے کہ ملک کے پرامن حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ کرکٹ کھیلوں کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ مانی نے کہا کہ ان کے دورہ کی ترجیح رہے گی کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ میچس کا دوبارہ آغاز ہو۔ بورڈ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ مانی، ساؤتھ آفریقہ کے ارباب مجاز سے درخواست کریں گے کہ پاکستان میں آئی سی سی میچس کے بحال کرنے میں تعاون کیا جائے اور انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ورلڈ الیون میں کئی ساؤتھ آفریقی کھلاڑی کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مانی درخواست کریں گے کہ ان کے ملک میں 2019ء میں محدود اوورس کی سیریز بھی کھیلی جائے۔ مانی کے مجوزہ پروگرام میں پاکستانی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے بھی ملاقات کی تجویز شامل جو باکسنگ ڈے سے سنچورین میں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کیلئے تیار ہیں اور آنے والے ورلڈ کپ انگلینڈ پر بھی وہ تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ ، کرکٹ آسٹریلیا سے درخواست کرنے کی سوچ رہی ہے کہ وہ مارچ میں کم از کم دو ایک روزہ انٹرنیشنل میچس لاہور اور کراچی میں کھیلیں جو دراصل ورلڈ کپ سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے پانچ میچس کا ہی حصہ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ، آسٹریلیا کے اخبارات میں شائع شدہ کرکٹ آسٹریلیا کے اس بیان کی طرف اشارہ کیا ہے کہ آسٹریلیا، پاکستان میں ونڈے انٹرنیشنل میچس کے انعقاد پر غور کررہا ہے۔