کراچی ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان میں شرعی نظام کے نفاذ و عمل آوری کے لیے طالبان کے مطالبات میں شدت کے درمیان پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے سینئیر لیڈر بلاول بھٹو زرداری نے آج کہا کہ اسلام کے نام پر ملک کو پتھر کے دور میں گھسیٹنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ دو ہفتہ طویل سندھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے ممنوعہ طالبان کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ ( ان ) حکومت کی امن بات چیت پر بھی سوال اٹھایا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ’’ طالبان اس ملک میں دہشت گردی کا قانون مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن میں اُن سے کہہ دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ پاکستان میں رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو اس ( پاکستان ) کے دستور کے پابند و کار بند رہنا ہوگا ‘‘ ۔ بھٹو خاندان کے سیاسی وارث 25 سالہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ’’ ہم دہشت گردوں کا قانون قبول نہیں کرتے ۔ چند افراد اسلام کے نام اس ملک کو پتھر کے دور میں گھیسٹنے کی کوشش کررہے ہیں ‘‘ ۔ بلاول نے کہا کہ دہشت گردوں کو وہ دن یاد رکھنا چاہئے جب سارا ملک ان کے خلاف کھڑا ہوچکا تھا ۔ بلاول نے کہا کہ ’’ ہم مسلم ہیں اور دہشت گرد گروپس ہمیں اسلام سکھانے کی کوشش نہ کریں ‘‘ ۔۔