پاکستان میں شیعہ مسجد پر خودکش حملے کے مہلوکین کا سوگ

اسلام آباد ۔ 31جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ان 61 مہلوکین کا سوگ منایا جو گزشتہ روز جنوبی صوبہ سندھ کی ایک شیعہ مسجد میں مہلک خودکش بم حملے میں لقمہ اجل بن گئے تھے ۔ عہدیداروں نے توثیق کی ہے کہ کم سے کم 61 افراد ہلاک اور دیگر درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت ہنوز تشویشناک ہے۔ ضلع شکارپور کے لاکھرواڑ علاقہ کی شیعہ مسجد میں اُس وقت مہلک خودکش دھماکہ ہوا تھا جب 400 مصلیان نماز جمعہ ادا کررہے تھے ۔ صوبائی وزیر صحت جام مہتاب نے کہاکہ اس حملہ میں 61 ہلاک اور 50زخمی ہوئے ہیں۔ اسپیشل سپرنٹنڈنٹ پولیس ثاقب غیرشناخت شدہ خودکش بمبار کے علحدہ شدہ سر اور دھڑ کو ڈی این اے ٹسٹ کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ اس بمبار حملے میں 7 کیلو مہلک آر ڈی ایکس دھماکو مواد استعمال کیا گیا تھا ۔ طالبان سے علحدہ شدہ گروپ جنداﷲ جس نے گزشتہ سال اسلامک اسٹیٹ (داعش) دہشت گرد گروپ کی مدد کرنے کا عہد کیا تھا گزشتہ روز کے اس بربریت انگیز خودکش بمبار حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ شیعہ مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم مجلس وحدت المسلمین نے اس بدبختانہ واقعہ کے خلاف آج سندھ میں احتجاجی ہڑتال کی جبکہ صوبائی حکومت نے سرکاری طورپر یوم سوگ منایا ۔

شیعہ مسجد پر خودکش حملہ کی مذمت
دہشت گردی کی سرکوبی کیلئے بان کی مون کا زور
اقوام متحدہ ۔ 31جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان کی ایک شیعہ مسجد میں نماز جمعہ کے موقع پر ہوئے خودکش بمبار حملے کی سخت مذمت کی ۔ انھوں نے پاکستان پر زور دیا کہ مذہبی اقلیتوں کی حفاظت اور دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں اضافہ کیا جائے ۔ بان کی مون نے اپنے ترجمان کی طرف سے جاری کرردہ صحافتی اعلامیہ میں کہا کہ عوام کو ان کے مذہبی عقائد کی بنیاد پر نشانہ بنانے والے اس قسم کے واقعات سے انھیں سخت تکلیف پہونچی ہے ۔ انھوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے اپنی ہمدردی کا اظہار بھی کیا ۔