پاکستان میں تحریک انصاف کے 50 کارکن حراست میں

اسلام آباد، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 50 کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔قبل ازیں احتجاج کیلئے بڑی تعداد میں آگے بڑھ رہے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کے گولے بھی داغے ۔پارٹی کارکنوں اور پولیس کے درمیان اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہوئی جھڑپوں کے ایک دن بعد پنجاب پولیس نے پشاور-اسلام آباد سڑک اور اٹک برج کو کنٹینر سے بند کر دیا ہے ۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنا دھرنا مخصوص جگہ پر دے ، جبکہ ضلعی حکومت کو حکم دیا گیا ہے کہ شہر میں کوئی کنٹینر نہیں لگایا جائے گا۔مسٹر عمران خان کا دھرنا روکنے کے خلاف تمام درخواستیں نمٹاتے ہوئے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے حکم دیا کہ ڈیموکریسی پارک کے علاوہ کہیں دھرنا نہیں ہوگا جبکہ انتظامیہ یقین دہانی کروائے کہ شہریوں کے حقوق متاثر نہیں ہوں گے ۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی صدرنشین عمران خان کو 10 بجے عدالت طلب کیا تھا۔