لاہور۔یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں مجوزہ سیریز میں ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ستمبر اکتوبر میں یو اے ای میں ٹسٹ سیریز ہے اور پاکستان نے سیریز میں کھیلے جانے والے دو ٹسٹ میچوں میں سے ایک ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی۔ پی سی بی چیئرمین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے آیا ہوا مکتوب ابھی تک نہیں دیکھا لیکن بظاہر انہوں نے متحدہ عرب امارات میں گلابی گیند کے ساتھ ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے کیلئے ہاں کردی ہے۔ اگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی جاتی ہے تو یہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز دونوں کا پہلا ڈے نائٹ ٹسٹ ہو گا۔دو ٹسٹ میچوں کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ونڈے اور دو ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ یاد رہے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تاریخ کا اولین ڈے نائیٹ ٹسٹ ایڈیلیڈ میں گلابی گیندکھیلا گیا تھاجس کو طویل طرز کی کرکٹ میں ایک انقلابی تبدیلی قرار دیا گیا چونکہ پانچ دن کے مقابلے میں جہاں عوام کی دلچسپی ختم ہورہی ہے تو دوسری جانب ڈے نائٹ ٹسٹ کے ذریعہ عوام کو طویل طرز کی کرکٹ کے قریب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔