پاکستان سے سیریز‘عوام کی خواہش مقدم:افغانستان

کراچی۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام )افغانستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان فرید ہوتک نے بھی ہندوستان کا اندازاپنا لیا اور کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف میچز کا معاہدہ افغان عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ہوگا۔ افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ عاطف مشال پی سی بی حکام سے حالیہ ملاقات کے دوران کئی امور پر اتفاق کر چکے جس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو دوستانہ میچوں کا انعقاد بھی شامل ہے لیکن افغان بورڈ کے ترجمان فرید ہوتک نے تازہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا ہے جب سوشل میڈیا پر پاکستان کیخلاف کرکٹ سے انکار کی مہم جوئی کے دوران عاطف مشال پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے اور بعض افراد نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی کرکٹ دوست ممالک کے ساتھ کھیلی جاتی ہے۔ افغانستان کے شائقین کرکٹ پاکستان کیخلاف میچوں کی شدید مخالفت کر رہے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے اسلام آباد میں متعین سفیر کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جس پر انہیں اپنا فیس بک اسٹیٹس ہذف کرنا پڑا جس میں عاطف مشال کی پی سی بی حکام کے ساتھ تصاویر بھی شامل تھیں۔ افغان کرکٹ بورڈ کے ترجمان فرید ہوتک نے کہا ہے کہ ابھی افغان بورڈ کا پی سی بی کے ساتھ میچز کھیلنے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے لیکن اگر ایسا کچھ ہوا تو افغانستان کے عوام کی خواہشات کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ افغان عوام کی جانب سے شدید ردعمل کے بعد اس بات کا امکان نظر نہیں آرہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ میچز سے حالیہ عرصے میں کشیدہ تعلقات کو بحال کیا جا سکے گا۔
ارنیسٹو بارسلونا کے نئے کوچ
بارسلونا ۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بارسلونا فٹبال کلب  نے دو سالہ معاہدے کے تحت ارنیسٹو ولورڈی کو اپنی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقررکیا گیا جن کا تقرر کی تقریب جمعرات کو ہو گی۔ وہ لوئس اینریک کی جگہ لیں گے جنہوں نے مارچ میں آگاہ کیا تھا کہ وہ کلب میں مزید ذمہ داری نہیں نبھانا چاہتے ہیں۔نو منتخب کوچ کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ اپنے معاہدے میں ایک برس کا اضافہ بھی کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ چار برس تک نگران رہنے کے بعد ارنیسٹو ولورڈی نے گزشتہ دنوں ایتھلیٹکو بلباؤ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی