نئی دہلی۔ 28 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق ہندوستانی کپتان سورو گنگولی نے آج بی سی سی آئی کے موقف کی تائید کی کہ سرحد پار دہشت گردی موقوف ہونے تک پاکستان کے ساتھ باہمی کرکٹ روابط کا احیاء نہیں ہوسکتا۔ پی سی بی نے اپنے ہندوستانی ہم منصب حکام سے اس سال ڈسمبر میں باہمی سیریز کی میزبانی کیلئے درخواست کی تھی ، جیسا کہ دونوں بورڈس کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئی تھی جس کے مطابق 2023 ء تک آٹھ سال میں پانچ سیریز کھیلنا طئے ہوا تھا ۔ تاہم گزشتہ روز گرداس پور میں پیش آئے دہشت گردانہ واقعہ کے بعد بی سی سی آئی نے پاکستان کے ساتھ باہمی کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے کلائیو رائس کا انتقال
جوہانسبرگ ۔ 28 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق آل راؤنڈر کلائیو رائس جو جنوبی افریقہ کے مابعد نسل پرستانہ دور کے پہلے کپتان بنے ، اُن کا آج بعمر 66 سال انتقال ہوگیا۔ اُن کا دور جنوبی افریقہ کی انٹرنیشنل کرکٹ سے 20 سالہ علحدگی کی نذر ہوگیا تھا ۔