پاکستان سیریز ورلڈ کپ ٹیم کا تعین کرے گی:عثمان خواجہ

نئی دہلی۔15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کیخلاف ونڈے سیریز میں بہترین بیٹسمین کا اعزاز حاصل کرنے والے آسٹریلیائی اوپنر عثمان خواجہ بہت دور تک دیکھنے سے گریزاں ہیں اورکہا کہ وہ ایک وقت میں ایک میچ کے لحاظ سے آگے بڑھ رہے ہیں اور انہیں کوئی علم نہیں کہ کل کیا ہوگا کیونکہ پاکستان کیخلاف ونڈے سیریز ورلڈ کپ ٹیم کا تعین کرے گی۔واضح رہے کہ عثمان خواجہ اس وقت بھی ونڈے ٹیم کا حصہ نہ بن سکے جب اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر ٹیم میں شامل نہیں تھے لیکن محض دو ہفتے کی مدت میں انہوں نے اپنی وہ اہمیت بنا لی کہ پابندی کے شکار کھلاڑیوں کی واپسی پر بھی انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکے گا اور وہ ورلڈ کپ کیلئے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آ گئے ہیں۔عثمان خواجہ کے مطابق ہندوستان کیخلاف اسی کے ملک میں کامیابی بہت بڑی ہے کیونکہ اس ملک میں کرکٹ کھیلنا آسان نہیں لیکن وہ اس کامیابی کے باوجود ایک وقت میں ایک میچ کے لحاظ سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ان کی نگاہ بہت دور تک نہیں دیکھ رہی کیونکہ انہیں علم نہیں کہ کل کیا ہونے والا ہے۔بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کے مطابق یو اے ای میں ابھی پاکستان کیخلاف پانچ ونڈے میچوں کی سیریز بھی مقرر ہے جس میں بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا اور اسی وقت ورلڈ کپ کیلئے اسکواڈ کا تعین ہو سکے گا جو ابھی کافی دور ہے۔ وہ فی الحال ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ حالیہ کامیابی کا لطف اٹھا رہے ہیں اور امید ہے کہ پاکستان کیخلاف بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف آسٹریلیائی ٹیم یواے ای میں 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز کھیلے گی جس میں وارنر اور اسمتھ نہیں ہے جبکہ ورلڈ کپ سے قبل یہ آسٹریلیائی ٹیم کیلئے ونڈے کھیلنے کا آخری موقع ہوگا۔