پاکستانی T20 ٹورنمنٹ میں پانچ ٹیمیں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ شامل ہوں گی
لاہور، 21 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) دو مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد بالآخر اتوار کو لاہور میں پاکستان سوپر لیگ کے لوگو کی رنگا رنگ تقریب رونمائی منعقد کی گئی۔ پی ایس ایل میلہ فروری میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر سجے گا، جس میں پاکستانی اسٹار کرکٹرز کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کھلاڑی بھی جلوہ گر ہوں گے۔ لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی میں کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ شوبز اسٹارز کی آمد نے چار چاند لگائے۔ اس موقع پر پاکستان کے ٹسٹ کیپٹن مصباح الحق ، ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہدآفریدی سمیت دیگرکھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ شہریارخان اور لیگ کے برانڈ ایمبسڈر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل مستقبل میں دنیا کی بڑی لیگ بن کر ابھرے گی۔ ایک اور سابق پاکستانی کپتان اور پی ایس ایل کے برانڈ ایمبسڈر رمیزراجہ نے کہا کہ انہیں لیگ شروع ہونے کی بہت خوشی ہے۔ ’’اس سے نوجوان کھلاڑیوں کوسیکھنے کے مواقع میسرآئیں گے‘‘۔ ’ڈان نیوز‘ کے خصوصی پروگرام میں رمیزراجہ نے کہا کہ دنیا بھرکی طرح پاکستان کو بھی کرکٹ لیگ کی ضرورت تھی۔ انھوں نے کہا کہ انہیں لیگ کی کامیابی کایقین ہے،لیکن اس کیلئے لیگ کو پروفیشنل انداز میں چلانا ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ دنیا بھر سے چالیس بین الاقوامی کوچز نے لیگ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے گلیمر کو اسٹینڈرڈ کے مطابق رکھنا ہوگا۔ اب تک کئی غیر ملکی کرکٹرز پی ایس ایل کھیلنے پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں۔ ان میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، ڈارن سامی، کیرن پولارڈ ،ڈوین براوؤ ،سنیل نرائن ، سری لنکا کے لاستھ مالنگا، انجیلو میتھیوز، تلک رتنے دلشان ،تھسارا پریرا کے علاوہ گرانٹ ایلیٹ ،ٹم بریسنن ،جیمز فرینکلن ،رچرڈ لیوی اور دیگر نامور کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ لیگ میں پانچ ٹیمیں کراچی،لاہور ،پشاور ،کوئٹہ اور اسلام آباد شامل ہوں گی۔ ہر ٹیم میں چار غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت ہوگی، جن کا انتخاب ڈرافٹ سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کو پلاٹینیم ،ڈائمنڈ ،گولڈ ،سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریزمیں تقسیم کیا جائے گا۔ پاکستان سوپر لیگ کی انعامی رقم دس لاکھ ڈالرز ہوگی۔