کراچی ، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ رواں سال ہونے والی دوسری پاکستان سوپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔ منگل کے روز نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو حکومت کی جانب سے اس ایونٹ کیلئے مکمل حمایت اور مدد حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’اس قسم کے فائنل میچ کیلئے لاہور سب سے محفوظ مقام ہے اور میں سو فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ پاکستان سوپر لیگ کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔‘ پاکستان سوپر لیگ 2 کا آغاز رواں سال نو فروری سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا اور فائنل سات مارچ کو کھیلا جائے گا۔ رواں سال ہونے والی پاکستان سوپر لیگ میں گذشتہ سال کے مقابلے میں میچز کی تعداد بھی 16 سے بڑھا کر 18 کر دی گئی ہے۔ پاکستان سوپر لیگ میں چھٹی ٹیم کو شامل کرنے کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ ’آئندہ سال ایک اور ٹیم کا اضافہ کیا جائے گا جس کیلئے پی سی بی کو کئی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے۔‘ خبر رساں ادارہ اے پی پی کے مطابق نجم سیٹھی نے انڈین کرکٹ بورڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’حال ہی میں انڈین بورڈ کے اعلیٰ حکام کی برطرفی کے حوالے سے پیدا ہونے والی افراتفری جلد ختم ہوجائے گی اور نئی مینجمنٹ پاکستان اور انڈیا کے درمیان دوطرفہ بنیادوں پر سیریز کھیلنے کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔‘ پاکستان کی ٹسٹ ٹیم کی آسٹریلیا میں حالیہ کارکردگی کے بارے میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس کی بڑی وجہ پچز کا مختلف ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کے باعث غیر ملکی کیوریٹر پاکستان میں لمبا عرصہ نہیں گزارنا چاہتے۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزلینڈ سے کیوریٹرز کو بلاوائیں تاکہ وہ ہمارے کیوریٹز کو جدید تکنیک سکھا سکیں۔‘