اسلام آباد۔ 4فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بیٹسمین ویوین رچرڈز نے کہا ہے کہ ایشیائی خطے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب نہ ہونے کی کوئی وجہ ہی نہیں ہے۔خلیج ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ میں دنیا کی سرفہرست ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹس (انڈین پریمئر لیگ، بگ بیش اور کیریبیئن پریمئر لیگ) سے منسلک رہا ہوں اور پی ایس ایل بھی اسی عمل کا تسلسل ہے۔ ویوین رچرڈز پی ایس ایل کی ٹیم کوئٹہ گلیڈیئٹرز کا بطور معاون حصہ ہیں۔ویوین رچرڈز نے کہا ہے کہ کھلاڑی جارحانہ انداز میں کھیلنا چاہتے ہیں جس کیلئے پی ایس ایل سے بہتر جگہ کوئی اور نہیں ہو سکتی۔ نیز میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے ان کے جارحانہ رویے سے ہمیشہ محظوظ ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ ویسٹ انڈیزنے پاکستان کے خلاف کامیابیاں حاصل کی لیکن میرے دور میں یہ واحد ٹیم تھی جس نے ہمارے لئے مسائل کھڑے کئے اور ان کے خلاف کھیلنا ہمشہ چیلنج ہوتا تھا۔اپنی جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور رچرڈز نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کے لئے اپنی صلاحیتیں پی ایس ایل میں ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے، متحدہ عرب امارات کا خوشگوار موسم ٹیموں کو ٹوئنٹی20 کرکٹ کے ذریعہ اپنے مداحوں کو لطف اندوز کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے معاون نے مزید کہا ہے کہ یہاں لاتعداد بہترین کھلاڑی موجود ہیں جو نوجوان اور تازہ دم ہیں،کوئٹہ کی ٹیم کو جہاں میری ضرورت ہوگی وہاں میں اس ٹیم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی توانائی صرف کروں گا۔ آج کے کھلاڑی طویل سفر کرنے والے لڑکے ہیں اور پوری دنیا میں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ رچرڈز نے کہا کہ میں کوئٹہ کی ٹیم جہاں کیون پیٹرسن اور لیوک رائٹ جیسے کھلاڑی ہیں، اس کا حصہ بننے پر اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھ رہا ہوں، ٹیم کیساتھ میرا پہلا سیشن شاندار تھا اور ہم امید کرتے ہیں کہ ٹورنمنٹ میں بھی اچھا مظاہرہ کریں گے۔پاکستان کرکٹ تاریخ کے پہلے ٹوئنٹی20 ڈومیسٹک ٹورنمنٹ پی ایس ایل کا آغاز کل دبئی میں ہوگیا۔