پاکستان اور انگلینڈ کا آج پہلا ٹی ٹوئنٹی

کراچی ، 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کا پہلا کرکٹ میچ جمعرات کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کا یہ تیسرا اور آخری مرحلہ ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے تین ٹسٹ میچوں کی سیریز 2-0سے جیتی جبکہ ونڈے سیریز میں انگلینڈ نے 3-1 سے کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں جو اس سیریز کو آئندہ سال ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کی تیاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ آفریدی اس ورلڈ ٹی 20 کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ آفریدی کو ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں عمر گل کی سب سے زیادہ 85 وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کیلئے صرف تین وکٹیں درکار ہیں۔ جہاں تک باہمی ٹریک ریکارڈ کا معاملہ ہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دس ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں انگلینڈ کا پلہ بھاری رہا ہے۔ اس نے سات میچ جیتے ہیں، پاکستان نے صرف تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مرتبہ ٹی 20 سیریز 2012ء میں متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی گئی تھی جو انگلینڈ نے 2-1سے جیتی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت بھی انگلینڈ کی ٹیم پاکستان سے ٹسٹ سیریز ہارگئی تھی لیکن اس کے بعد اس نے ونڈے سیریز اور ٹی 20 سیریز بھی جیت لی تھی۔ تاہم پاکستانی ٹیم کا اس سال ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں ریکارڈ خاصا متاثر کن رہا ہے۔ اس نے اب تک کھیلے گئے سات میں سے چھ میچز جیتے ہیں اور صرف ایک میں اسے شکست ہوئی ۔ انگلینڈ کی ٹیم اس سال صرف دو ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل پائی ہے لیکن اس نے یہ دونوں میچ جیتے ہیں۔                                 (میچ کا آغاز ہندوستانی وقت 9:30 بجے شب ہوگا )