پاکستان اور آسٹریلیا سے آئی سی سی کا دوہرا معیار:ہولڈر

لندن۔29 مارچ(سیاست ڈاٹ کام)بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلیائی کرکٹرز کی سزاؤں پر مختلف قسم کا ردعمل سامنے آیا ہے لیکن سابق انگلش امپائر جان ہولڈر نے کہا ہے کہ پیسے کے کھیل میں کھلاڑی دھوکہ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے آسٹریلیائی کرکٹرز پر پابندی کی مدت نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پاکستانی کھلاڑی پیسہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ آسٹریلیائی کرکٹرز نے میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی لیکن یہ بہت بڑا تضاد ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کو آئی سی سی نے سخت ترین سزا دی جبکہ اس مرتبہ ایسا نہیں ہوا اورگورننگ باڈی کو اس بارے میں غور کرتے ہوئے سزاؤں میں اضافہ کرنا ہی ہوگا۔ جان ہولڈر کا موقف ہے کہ کھلاڑیوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہئے کہ اگر وہ کسی میچ کے دوران اس طرح کی حرکت کرتے ہیں تو کرکٹ میں ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کے مطابق بال ٹیمپرنگ کا حالیہ واقعہ علیحدہ اہمیت کا حامل ہے لیکن اس حوالے سے دیگر الزامات سامنے آئے تو انہیں بعد میں دیکھا جائے گا اور کسی کے ساتھ بھی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ بے ایمانی کا اعتراف بہادری کے مترادف ہے لیکن اس میں دروغ گوئی کا عنصر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور یہی چیز انہوں نے قابل غور سمجھتے ہوئے آسٹریلیائی کھلاڑیوں کیخلاف کارروائی کی۔ واضح رہے کہ اسٹیون اسمتھ،ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو حق حاصل ہوگا کہ وہ اپنی معطلی کیخلاف اپیل کر سکیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق تینوں کرکٹرز کو بیرون ملک کھیل کی سرگرمیوں سے نہیں روکا جائے گا جس کیلئے وہ آزاد ہوں گے۔