دبئی۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا ہے کہ پاکستان اس خطے میں کافی مضبوط ٹیم ہے جن کو شکست دینا قطعی آسان نہیں لیکن پاکستانی ٹیم اب نیوزی لینڈ کو آسان سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گی۔ ابوظہبی ٹسٹ میں مہمان ٹیم نے غیر معمولی حالات میں محض چار رنز سے کامیابی حاصل کر کے 141سالہ تاریخ میں رنز کے اعتبار سے پانچویں قریب ترین فتح کو یقینی بنایا جو گیری اسٹیڈ کی اولین کامیابی بھی تھی جنہوں نے اگست میں مائیک ہیسن کی جگہ ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالاہے۔ نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ کو یقین ہے کہ ان کی ٹیم کی کامیابی دوسرے ٹسٹ سے قبل پاکستانی ٹیم کا ذہن تبدیل کردے گی جو بہت اچھی اور اس خطے میں شکست کے اعتبار سے مشکل ترین حریف بھی ہے اور انہیں اسی وجہ سے اپنی کامیابی کی بہت زیادہ خوشی بھی محسوس ہو رہی ہے اور اب پاکستانی ٹیم انہیں آسان سمجھنے کی غلطی ہرگز نہیں کرے گی۔گیری اسٹیڈ کے بموجب انہیں توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم دبئی میں زیادہ بہتر کھیل پیش کرے گی اور وہ بھی اس کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ نے بیرون ملک 1969ء کے بعد پاکستان کیخلاف کوئی سیریز نہیں جیتی لہٰذا اس نتیجے کو بدلنے کیلئے انہیں کہیں زیادہ محنت درکار ہو گی۔انہوں نے اعتراف کیا کہ نیوزی لینڈ نے اس سے قبل پہلی اننگز میں 153 رنز بنا کر شاید ہی کوئی ٹسٹ میچ جیتا ہو لیکن ان کی ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی عادت کام آ گئی اور وہ کھیل کا یہی معیار دبئی میں بھی قائم رکھیں گے۔