پاکستانی کھلاڑی محمد عامر کی واپسی کے مخالف

کراچی ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کو داغدار فاسٹ بولر محمد عامر کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کی کوششوں میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ٹیم کے بیشتر سینئر کھلاڑی عامر کو ڈریسنگ روم میں جگہ دینے کے مخالف ہیں۔ بورڈ کے ذرائع نے کہا کہ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے روانگی سے عین قبل کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ نے بورڈ سے عامر کے رویہ کی شکایت بھی کی ہے ۔ مصباح نے شکایت کی کہ ٹیم کی روانگی سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈیمی میں ان کا کئی مرتبہ عامر سے سامنا ہوا تھا لیکن عامر نے انہیں پہچانا تک نہیں ۔ ایک اور معاملہ میں نیچنے کرکٹ اکیڈیمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے عامر کو نیٹس میں پاکستانی بلے بازوں کو بولنگ کرنے کو کہا تھا لیکن محمد حفیظ نے بیٹنگ کرنے سے انکار کردیا اور کہا تھا کہ وہ بدعنوانیوں میں ملوث کرکٹر کے ساتھ کھیلنے کو تیار نہیں ہے ۔ شاہد آفریدی بھی عامر کو ٹیم میں جگہ دینے کو تیار نہیں ہیں ۔